بلوچستان کے بلدیاتی نمائندوں کا ترقیاتی و نان سیلری فنڈز فوری جاری کرنے کا مطالبہ

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان بھر کے میونسپل کارپوریشنز کے میئرز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں نے سالانہ ترقیاتی اور نان سیلری فنڈز کی عدم فراہمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فنڈز کی فوری ریلیز کا مطالبہ کیا ہے بلدیاتی نمائندوں کے وفد نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان عبدالروف بلوچ اور ایڈیشنل سیکرٹری فنانس حافظ قاسم سے ملاقات کے دوران مؤقف اختیار کیا کہ فنڈز کی بندش کے باعث ترقیاتی منصوبے، صفائی و ستھرائی، عوامی خدمات، روزمرہ انتظامی امور، ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں، فیول اور دیگر ضروری اخراجات کی ادائیگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی اور نان سیلری فنڈز فوری طور پر جاری کیے جائیں تاکہ بلدیاتی ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے سکیں ملاقات کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عبدالروف بلوچ نے بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکرٹری فنانس بلوچستان کو فنڈز کی فوری ریلیز کے لیے باضابطہ مراسلہ ارسال کیا ہے دوسری جانب میئرز اور چیئرمینوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی کوشش کی بلدیاتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے 6 اگست کو ملاقات کا وقت مقرر کیا ہے، جس میں ترقیاتی و نان سیلری فنڈز، ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں، فیول اور بلدیاتی اداروں کو درپیش دیگر مالی و انتظامی مسائل پر تفصیلی غور کیا جائے گا بلدیاتی نمائندوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان مالی مشکلات کے مستقل اور مؤثر حل کے لیے عملی اقدامات کریں گے تاکہ بلدیاتی ادارے فعال انداز میں عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں