کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و کوارڈی نیٹر بلوچستان اورسیز پاکستانیز ڈاکٹررفیع اللہ کی قیادت میں یوم استحصال کشمیرکے موقع پر چمن میں ایک ریلی نکالی گئی ریلی میں ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی،ڈی پی او انتظار ظریف، نظر جان،ملک حمید، پرنسپل ڈگری کالج عجب خان مندوخیل،چیئرمین عبدالغنی اورقبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رفیع اللہ اورڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی اوردیگرنے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن تاریخ کا سیاہ باب ہے جب بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پامال کیے،پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر سطح پر ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے ایک سوالیہ نشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کے ہی وطن میں بے اختیار بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے یہ اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے جموں و کشمیر میں جاری بلاجواز گرفتاریوں دھمکیوں اور محاصروں کا جموں و کشمیر کے عوام شکار ہیں بھارت نے مقامی میڈیا کو خاموش اور عوام کو اظہار ازادی اظہار سے محروم کیا کشمیر عوام کو اپنے ناقابل تنسیخ قدرتی خود ارادیت کے استعمال سے روکا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور پانچ اگست 2019 کے غیر قانونی بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے جس سے خطے میں امن کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی سازش دنیا کے سامنے آشکار ہوئی۔

