کوئٹہ (این این آئی) رحمتُ للعالمین و خاتمُ النبیین ﷺ کلب تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان کے زیرِ انتظام تعمیر نو گرلز ہائی اسکول، کوئٹہ میں ریاض القرآن کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان جناب محمد نسیم لہڑی تھے، جنہوں نے ربن کاٹ کر ریاض القرآن کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر کلب کے پیٹرن اور اتھارٹی کے صوبائی فوکل پرسن حافظ محمد طاہر، ممبر بورڈ تعمیر نو ٹرسٹ غلام عثمان بابئی سمیت اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے معروف اسلامی سکالر ڈاکٹر علامہ زید گل خٹک نے خطاب کرتے ہوئے طالبات اور شعبہ تدریس قرآن سے وابستہ اساتذہ پر زور دیا کہ قرآنِ مجید کو صرف پڑھنے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے سمجھ کر اس پر عمل بھی کیا جائے، کیونکہ قرآن ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا ضامن ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان محمد نسیم لہڑی نے کہا کہ تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان اپنے تمام تعلیمی اداروں میں معیاری عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآنِ کریم کی تعلیم کو بھی خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ کے زیرِ انتظام چھ تعلیمی اداروں میں جدید ڈیجیٹل قرآن ہالز قائم کیے جا چکے ہیں، جہاں ہزاروں طلبہ و طالبات قرآنِ کریم کی تعلیم اور اس کی روشنی سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان مستقبل میں بھی جدید تعلیم کے ساتھ اسلامی تعلیمات کے فروغ اور قرآن فہمی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ ریاض القرآن کے افتتاح کے موقع پع حافظ محمد طاہر نے روح پرور تلاوت کی۔

