نوکنڈی (این این آئی) رکن صوبائی اسمبلی ضلع چاغی اور سابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق خان سنجرانی نے 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے اور کشمیری عوام کے بنیادی، سیاسی اور انسانی حقوق پر سنگین حملے کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ظلم، جبر اور پابندیوں کے باوجود اپنے حقِ خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔محمد صادق خان سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کی کشمیری عوام کے ساتھ اخلاقی، سیاسی اور سفارتی یکجہتی غیر متزلزل ہے اور یہ حمایت ہر سطح پر جاری رہے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کشمیری عوام کو صبر، استقامت اور آزادی کی نعمت سے نوازے اور خطے میں امن و انصاف قائم فرمائے۔

