میر عبدالروف مینگل کا اسما جتک کے والد کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابقہ ایم این اے میرعبدالروف مینگل نے اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں اسما جتک کے والد کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسما جتک اور ان کا خاندان گزشتہ طویل عرصے سے خوف، ہراس اور مسلسل دھمکیوں کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل خضدار کے علاقے شہزاد سٹی پولیس لائن میں رات کی تاریکی میں اسما جتک کے گھر پر حملہ کرکے انہیں اغوا کیا گیا اور اہلِ خانہ کو دباؤ میں لا کر زبردستی نکاح کرانے کی کوشش کی گئی، تاہم جھالاوان سمیت بلوچستان بھر کے عوام کی مزاحمت اور شدید عوامی ردِعمل کے نتیجے میں اسما جتک کو بازیاب کرایا گیا۔میرعبدالروف مینگل نے کہا کہ ظہور جمال زئی اور اس کے خاندان کو بااثر قبائلی شخصیت اور صوبائی حکومت کی سرپرستی حاصل ہونے کے باعث وہ مسلسل قانون کی گرفت سے باہر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ خاندان پر قتل، تشدد، دھمکیوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات موجود ہیں، لیکن بااثر حلقوں کی پشت پناہی کی وجہ سے ان کے خلاف مؤثر اور غیرجانبدارانہ کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ اسما جتک کے والد کا قتل اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر بااثر ملزمان کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی کی جاتی تو شاید آج ایک اور جان ضائع نہ ہوتی۔ ایسے واقعات بلوچستان میں قانون کی حکمرانی، شہریوں کے تحفظ اور نظامِ انصاف کی ساکھ پر سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں اور عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد مجروح کرتے ہیں۔انہوں نے بلوچستان ہائی کورٹ سے پرزور مطالبہ کیا کہ اسما جتک اور ان کے والد کے قتل کے مقدمے کی آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج کی سربراہی میں ایک خودمختار جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، تاکہ نہ صرف اصل ملزمان بلکہ ان کی سرپرستی، پشت پناہی اور سہولت کاری کرنے والے تمام عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس مقدمے میں ملوث تمام ملزمان، سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف فوری، غیرجانبدارانہ اور قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دلانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔میرعبدالروف مینگل نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی اسما جتک اور ان کے والد کے قتل کے مقدمے میں مکمل، آزادانہ اور شفاف تحقیقات، تمام ذمہ داران کی فوری گرفتاری، قانون کی بلاامتیاز عملداری اور متاثرہ خاندان کو فوری انصاف کی فراہمی کا پرزور مطالبہ کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں