کوئٹہ(رپورٹر) خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین، صدارتی تمغۂ امتیاز اور معروف عالمی شہرت یافتہ سماجی شخصیت نعمت اللہ ظہیر نے سانحہ 8 اگست 2016ء کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ پاکستان کی تاریخ کے المناک ترین واقعات میں سے ایک ہے، جس نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں پیش آنے والے اس دلخراش واقعے میں ملک کے قابل، باصلاحیت اور فرض شناس وکلاء سمیت متعدد شہریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔نعمت اللہ ظہیر نے کہا کہ شہداء 8 اگست نے قانون کی بالادستی، انصاف کے نظام اور معاشرے میں امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور آنے والی نسلوں کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ ظلم، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ نے جس صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے قابلِ احترام ہے۔ خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل ان عظیم خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے، امن و استحکام کے فروغ اور انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے ہمیں قومی اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور مشترکہ جدوجہد کو فروغ دینا ہوگا۔ سانحہ 8 اگست کے شہداء کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔

