پیپلز پارٹی کارکنوں کی جماعت،کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،سردار خیر محمد ترین

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے صدر سردار خیر محمد ترین سے جمعہ کوانکے دفتر میں صوبائی اوربلوچستان کے مختلف ڈویژنل صدور نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی رہنما اختر بلوچ، پیپلزلیبر بیورو کے صوبائی صدر شاہجہان گجر، قلات ڈویژن کے صدر رفیق سجاد زہری، رخشان ڈویژن کے صدر نعیم اللہ بلوچ، لورالائی ڈویژن کے صدر لالا رحمت کدیزئی، ژوب ڈویژن کے جنرل سیکرٹری حاجی عمر موسیٰ زئی، نصیرآباد ڈویژن کے نائب صدر خالد دھرپالی، صوبائی رہنما حیات خان اچکزئی، کوئٹہ سٹی کے سینئر نائب صدر سید ایوب آغا، جنرل سیکرٹری نعمت لالا، سیکرٹری اطلاعات اکبر خان ترین، پاکستان پیپلز پارٹی ڈاکٹرز فورم بلوچستان کے صوبائی صدر ڈاکٹر عبید کاکڑ سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔ملاقات میں پارٹی کی تنظیمی فعالیت، گراس روٹ سطح پر تنظیم کو مزید مضبوط بنانے، کارکنوں اور جیالوں کو درپیش مسائل اور موجودہ سیاسی و تنظیمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیم کو ہر سطح پر مزید متحرک اور مؤثر بنایا جائے، کارکنوں سے مسلسل رابطہ رکھا جائے، عوامی مسائل کے حل کے لیے پارٹی کا کردار مزید فعال کیا جائے اور بلاول بھٹو زرداری کے عوامی و جمہوری وطن کو گھر گھر پہنچانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔کوئٹہ ڈویژن کے صدر سردار خیر محمد ترین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کارکنوں کی جماعت ہے کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے تمام ڈویژنل صدور پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنائیں اور کارکنوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے پارٹی کے پیغام کو عام کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی غریبوں،مزدوروں،کسانوں کی جماعت ہے پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے خود اس دنیا میں نہیں رہے لیکن پیپلز پارٹی آج بھی عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے عوام کے دلوں سے پارٹی کو نکالنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔ ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پارٹی کو بلوچستان بھر میں مزید منظم، فعال اور عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان جماعت بنانے کے لیے تمام تنظیمی عہدیدار باہمی مشاورت اور اتحاد کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں