چوہدری نعیم کریم کا سانحہ 8اگست کے شہداء کو خراج عقیدت

کوئٹہ (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر مرکزی رہنما چوہدری نعیم کریم نے سانحہ 8 اگست 2016 کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کے شہری اس سانحے کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، کیونکہ اس المناک واقعے میں بلوچستان اپنی ایک پڑھی لکھی پوری نسل سے محروم ہو گیا۔سانحہ 8 اگست کی دسویں برسی کے موقع پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ شہدا نے وطن کی سربلندی اور قانون کی پاسداری کے لیے عظیم قربانیاں دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قانون کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں وکلا برادری کا کردار ناقابلِ فراموش ہے اور سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے وکلا کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ وکلا کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا دراصل قانون پر حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران متعدد وکلا، صحافی، پولیس اہلکار اور کیمرہ مین دہشت گردی کا نشانہ بنے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ 8 اگست سے بلوچستان کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ ممکن نہیں، کیونکہ اس سانحے کے شہدا پوری قوم کا قیمتی سرمایہ تھے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی تمام شہدا کے درجات بلند فرمائے اور پاکستان کو ہر قسم کے فتنے اور دشمن کی سازشوں سے محفوظ رکھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں