کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما اختر بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کو صحت،تعلیم، سفر کی بہترین سہولیات،پینے کے صاف پانی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے پہلی مرتبہ تمام ارکان اسمبلی کو یکساں بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز فراہم کئے ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں اختر بلوچ نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ سیاسی و جمہوری جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کی بلارنگ و نسل خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں مخلوط صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبے کے تمام حلقوں کو یکساں بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور صوبے میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنایا اور ہسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کو 100فیصد مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں اسی طرح عوام کو آرام دہ سفر کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئٹہ میں گرین بس اور خواتین کیلئے پنک بس سروس شروع کی گئی اسکے بعد اب گرین بس سروس کا دائرہ کار صوبے کے دیگر علاقوں تک پھیلایا جارہا ہے جبکہ کوئٹہ سے جلد ہی کچلاک تک پیپلز ٹرین سروس کا بھی آغاز کیا جارہا ہے جس سے عوام کو سستی سفر کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن صوبے میں پارٹی کی فعالیت میں اپنا کردارادا کریں اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔

