سیوی(رپورٹر)سیوی ڈویژن میں 14 اگست یوم آزادی پاکستان بھرپور قومی جوش و جذبے، ملی یکجہتی اور شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے تیاریاں جاری ہیں ۔ سیوی ڈویژن کے کمشنر اسداللہ فیض نے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، اس لیے یوم آزادی کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر سیوی شہر سمیت ڈویژن بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ سرکاری عمارات، اہم شاہراہوں اور دیگر مقامات کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے گا، جبکہ مختلف سرکاری و نجی اداروں میں بھی جشن آزادی کی مناسبت سے خصوصی پروگرام منعقد ہوں گے انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریری مقابلے، ملی نغمے، ٹیبلو، قومی ترانے اور دیگر تعلیمی و ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جن میں طلبہ و طالبات پاکستان کی آزادی کی جدوجہد، بانیانِ پاکستان کی خدمات اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے کمشنر اسداللہ فیض نے کہا کہ 14 اگست محض ایک تہوار نہیں بلکہ یہ دن ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے دیں۔ برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک طویل سیاسی جدوجہد کی اور بے شمار مشکلات، ہجرت، جان و مال کی قربانیوں اور مصائب کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان حاصل کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیں ایک آزاد قوم کی حیثیت سے اپنی شناخت، اپنے فیصلے کرنے اور اپنی آنے والی نسلوں کا مستقبل سنوارنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں یوم آزادی کے موقع پر اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اپنے ملک کی ترقی، امن، خوشحالی، اتحاد اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ یوم آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں، گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز پر قومی پرچم لہرائیں اور اس دن کو قومی یکجہتی اور بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ منائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل بالخصوص طلبہ کو پاکستان کی تاریخ، آزادی کی جدوجہد اور ملک و قوم کے لیے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ جشن آزادی کے دوران شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تقریبات کے مقامات پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ شہری بلاخوف و خطر جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں اس موقع پر کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، ہمیں آزادی کی قدر کرتے ہوئے تعلیم، محنت، دیانت داری، اتحاد اور قومی ذمہ داری کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں صرف جشن منانے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ملک کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے عملی کردار ادا کرنے کا عہد بھی کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ جشن آزادی دراصل پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی اور تجدید عہد کا دن ہے۔ سیوی ڈویژن کے عوام اس قومی دن کو بھرپور جوش و جذبے، نظم و ضبط اور وطن سے محبت کے اظہار کے ساتھ منائیں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ پاکستانی قوم اپنے وطن کی سلامتی، آزادی اور خودمختاری کے لیے ہمیشہ متحد ہے

