خاران ( رپورٹ محمدعیسی محمدحسنی) نصیر کبدانی لبزانکی دیوان خاران کے وفد نے ایڈیشنل کمشنر رخشان ڈویژن ظفر گویا سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کا بنیادی مقصد ایڈیشنل کمشنر رخشان ڈویژن کو خاران میں تعنیاتی پر مبارکباد پیش کرنا اور علاقے میں ادبی و علمی ماحول کو مزید فعال بنانے کے لیے تبادلۂ خیال کرنا تھا۔
وفد کی قیادت جنرل سیکرٹری شکور زائد نے کی جبکہ دیگر اراکین میں نائب صدر سفرخان راسکوئی، قیوم سادگ، حبیب دانش، جلال فراق، محمد عیسیٰ محمد حسنی، شہزاد سلیم، محمود پیرک اور نجیب بلوچ شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد کے اراکین نے امید ظاہر کی کہ ایڈیشنل کمشنر رخشان ڈویژن ظفر گویا کی بطور ایڈیشنل کمشنر رخشان ڈویژن تعیناتی سے خاران میں علم و ادب، زبان اور ثقافت کے فروغ کو ایک نیا تحرک ملے گا اور ادیبوں، شاعروں و کالم نگاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومتی سطح پر مثبت اقدامات کیے جائیں گے۔
وفد نے ایڈیشنل کمشنر رخشان ڈویژن کو نصیر کبدانی لبزانکی دیوان اکیڈمی خاران کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت بھی دی تاکہ وہ اکیڈمی کی سرگرمیوں اور مقامی سطح پر زبان و ادب کی پیش رفت کا خود جائزہ لے سکیں۔ایڈیشنل کمشنر رخشان ڈویژن ظفر گویا نے وفد کا آمد اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادبی اور ثقافتی سرگرمیاں کسی بھی معاشرے کی مثبت قدروں کی امین ہوتی ہیں اور مقامی زبان و ادب کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ملاقات کے دوران نصیر کبدانی لبزانکی دیوان کی جانب سے شائع کردہ معیاری کتب کا ایک تحفہ (سیٹ) ایڈیشنل کمشنر رخشان ڈویژن ظفر گویا کو پیش کیا گیا۔

