بلوچستان میڈیا فورم صحافیوں اور عوام کی آواز بن چکی ہے میر اللہ داد رند

سیوی (نامہ نگار) بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی جنرل سیکریٹری میر اللہ داد رند نے کہا ہے کہ اکیسویں صدی کے جدید سائنسی اور ٹیکنالوجی کے دور میں ہر شہری اپنے علاقے کے مسائل کی نشاندہی اور انہیں اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔ صحافت کے لیے کسی صحافتی تنظیم سے ڈگری یا اجازت نامہ لینے کی ضرورت نہیں، بلکہ عوامی مسائل کو ذمہ داری کے ساتھ سامنے لانا اور حقائق کی بنیاد پر آواز بلند کرنا اہم ہے اپنے جاری کردہ بیان میں میر اللہ داد رند نے کہا کہ بلوچستان میڈیا فورم صحافیوں کے حقوق اور عوامی مسائل کے لیے آواز بلند کر رہا ہے۔ فورم کی کارکردگی اور سرگرمیاں صحافتی حلقوں کے سامنے ہیں اور تنقید کے باوجود عوامی مسائل اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا انہوں نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تنظیم سرکاری اداروں کے زیرِ اثر ہوچکی ہے اور عوامی مسائل کے حوالے سے اس کا کردار قابلِ سوال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافتی تنظیموں کی اصل ذمہ داری ورکنگ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ، آزادیٔ صحافت کا دفاع اور عوامی مسائل کی مؤثر انداز میں نشاندہی کرنا ہے میر اللہ داد رند نے مزید کہا کہ صحافت محض کسی تنظیم کی رکنیت یا سرٹیفکیٹ تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک ذمہ دارانہ پیشہ ہے جس میں حقائق کی تصدیق، غیر جانب داری، دیانت داری اور عوامی مفاد کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ جدید دور میں سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل ذرائع نے عام شہریوں کو بھی اپنے علاقوں کے مسائل حکام تک پہنچانے کا موقع فراہم کیا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میڈیا فورم صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا صحافتی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہوکر ورکنگ صحافیوں کی فلاح و بہبود، آزادیٔ اظہار اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں