کوئٹہ اور گردونواح میں صفائی کی ابتر صورتحال شہریوں کیلئے وبال جان بن چکی،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، عبدالباری شہزاد، اختر جان مری، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطاء محمد شمشوزئی نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر اور گردونواح میں صفائی کی ابتر صورتحال شہریوں کے لیے وبالِ جان بن چکی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر نکاسی آب کی نالیوں میں جمع گندگی اور گردوغبار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے تعفن اور آلودگی کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے بارشیں نہ ہونے کے باعث گردوغبار میں اضافہ ہوا ہے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے صفائی کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے سبب گلیوں سڑکوں اور محلوں میں کچرا جمع ہو رہا ہے۔ نکاسی آب کی نالیاں گندگی سے بھر چکی ہیں جس سے نہ صرف شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ صحتِ عامہ کے مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ کوئٹہ صوبے کا دارالحکومت اور اہم شہری مرکز ہے اس کے باوجود صفائی ستھرائی کے بنیادی انتظامات کی یہ صورتحال متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اور دیگر متعلقہ حکام شہر بھر میں ہنگامی بنیادوں پر صفائی مہم شروع کریں کچرے کے ڈھیروں کو فوری طور پر ٹھکانے لگائیں نکاسی آب کی نالیوں کی صفائی یقینی بنائیں اور گردوغبار پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں