جمعیت علماء اسلام اختلاف رائے کو جمہوریت کا حسن سمجھتی ہے، سینیٹر مولاناعبدالواسع

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ منفی پروپیگنڈے، جھوٹے الزامات اور بے بنیاد من گھڑت بیانیوں کے ذریعے عوام کے دلوں سے جمعیت علماء اسلام کی عظمت، محبت اور اعتماد کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ جمعیت علماء اسلام کی پرامن آئینی، جمہوری اور سیاسی جدوجہد کو جھوٹ اور بہتان تراشی کے ذریعے مسخ کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، کیونکہ جمعیت کی سیاست محض اقتدار کے حصول کے لیے نہیں بلکہ اسلام کی سربلندی، آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار کے تحفظ، عوامی حقوق کی پاسداری اور ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ایک نظریاتی، دینی اور عوامی جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں گہری ہیں، اس جماعت نے ہر دور میں نامساعد حالات، سیاسی انتقامی کارروائیوں اور مختلف چیلنجز کا ثابت قدمی سے مقابلہ کیا ہے اور اپنے اصولی مؤقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ جمعیت علماء اسلام کی قیادت اور کارکنوں نے ہمیشہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی جدوجہد کی ہے اور جمہوری طریقے سے عوام کی آواز ایوانوں تک پہنچانے کا فریضہ انجام دیا ہے۔ سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جب مخالفین سیاسی میدان میں دلیل، کارکردگی اور عوامی اعتماد کی بنیاد پر مقابلہ کرنے میں ناکام ہو جاتے ہیں تو وہ منفی پروپیگنڈے، کردار کشی اور بے بنیاد الزامات کا سہارا لیتے ہیں، لیکن ایسی منفی مہمات سے نہ تو حقائق کو تبدیل کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی عوام کو اپنی حقیقی قیادت سے بدظن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی تاریخ قربانیوں، استقامت، دینی خدمات اور اصولی سیاست سے عبارت ہے، جماعت نے ہمیشہ قومی و سیاسی مسائل پر دوٹوک مؤقف اختیار کیا اور عوام کے بنیادی حقوق، معاشی آسودگی، آئینی آزادیوں اور جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام اختلافِ رائے کو جمہوریت کا حسن سمجھتی ہے، تاہم سیاسی اختلاف کی آڑ میں جھوٹ، بہتان اور گمراہ کن پروپیگنڈے کو کسی صورت مثبت سیاسی رویہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ سیاسی مخالفین کو چاہیے کہ وہ الزام تراشی اور منفی مہمات کے بجائے دلیل، سنجیدہ مکالمے اور عوامی خدمت کے ذریعے اپنی سیاست کو آگے بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے کارکنان ایسے منفی ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے کے بجائے اپنی پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد مزید مؤثر انداز میں جاری رکھیں گے۔ عوام باشعور ہیں اور وہ سیاسی نعروں، بے بنیاد الزامات اور حقیقی کردار کے درمیان فرق بخوبی سمجھتے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل سابق رکن قومی اسمبلی آغا محمود شاہ نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اپنے نظریاتی تشخص، اصولی سیاست اور عوامی خدمت کے مشن پر ثابت قدم رہے گی اور جھوٹے پروپیگنڈے کے مقابلے میں اپنے کردار، عمل اور عوامی رابطے کے ذریعے حقائق سامنے لاتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں