یونیسف کے پاکستان میں کنٹری آفس کے سیکیورٹی مینیجر پی سی او سید احمد عبداللہ کا بلوچستان کانسٹیبلری ہیڈ آفس کا دورہ

کوئٹہ(این این آئی) اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسف) کے پاکستان میں کنٹری آفس کے سیکیورٹی مینیجر پی سی او سید احمد عبداللہ نے بلوچستان کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد اور ڈپٹی کمانڈنٹ ڈی آئی جی پولیس محترم شہلا قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایس ایس ہیڈکوارٹر کمال خان کبزئی بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران انہیں بلوچستان کانسٹیبلری کے تنظیمی ڈھانچے، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، امن و امان کے قیام، اہم تنصیبات اور سرکاری و عوامی مقامات کی سیکیورٹی کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور فورس کی عملی استعدادِ کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد نے فورس کے فرائض، تربیتی سرگرمیوں، نظم و ضبط، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہیں بلوچستان کانسٹیبلری کی جانب سے امن و امان کے قیام، حساس مقامات کی حفاظت اور دیگر اہم سیکیورٹی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔دورے کے دوران سیکیورٹی سے متعلق امور، ادارہ جاتی تعاون اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات، باہمی رابطوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کے ذریعے اداروں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔یونیسف پاکستان کنٹری آفس کے سیکیورٹی مینیجر پی سی او سید احمد عبداللہ نے بلوچستان کانسٹیبلری کے انتظامی و سیکیورٹی امور میں دلچسپی کا اظہار کیا اور فورس کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور انتظامی اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں