نصرت بھٹو کی جمہوریت، آئین کی بالادستی،عوام کے بنیادی حقوق کیلئے جدوجہد تاریخ کا روشن باب ہے،میر ریاض احمد شاہوانی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے نائب صدر میر ریاض احمد شاہوانی نے کہا مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو اپنی رہائش گاہ پر مادرجمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی برسی کی مناسب سے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میر ریاض شاہوانی نے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے جمہوریت کی بحالی اور آمریت کے خلاف جدوجہد کے دوران جس عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا وہ آج بھی جمہوری کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے مشکل ترین حالات میں جمہوری اصولوں کا ساتھ نہیں چھوڑا اور سیاسی جدوجہد کے دوران بے شمار مشکلات، صعوبتوں اور ذاتی دکھوں کا سامنا کیا۔ انہوں نے جمہوریت کی خاطر قربانیاں دے کر یہ ثابت کیا کہ عوام کے حقِ حکمرانی، آئین کی بالادستی اور سیاسی آزادیوں کا تحفظ کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے ان کی جدوجہد اس عزم کی علامت ہے کہ جمہوری حقوق کے حصول کے لیے ثابت قدمی، حوصلے اور قربانی کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کے مشکل دور میں پارٹی کارکنوں اور جمہوریت پسند قوتوں کا حوصلہ بڑھایا اور آمریت کے خلاف جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا ان کی سیاسی زندگی جدوجہد، استقامت اور جمہوری اقدار سے وابستگی کی مثال ہے۔ انہوں نے ذاتی مشکلات کے باوجود جمہوریت کی بحالی کے مقصد کو مقدم رکھا اور سیاسی تاریخ میں اپنا ایک منفرد مقام بنایا۔انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے جمہوری نظریات، آئینی اصولوں اور عوامی حقوق کے تحفظ کے مشن کو آگے بڑھایا جائے جمہوریت محض ایک طرزِ حکومت نہیں بلکہ عوام کی رائے کا احترام، قانون کی حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری اور سیاسی اختلافِ رائے کو برداشت کرنے کا نام ہے ان اصولوں پر عمل کرکے ہی ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں