بلوچستان کے این ایچ اے ٹھیکیداروں کو بقایا ادائیگیوں کی بندش قابل مذمت ہے،میر عبدالسلام لانگو

کوئٹہ(این این آئی)آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر میر عبدالسلام لانگو،ڈپٹی جنرل سیکرٹری صلاح الدین کبزئی نے این ایچ اے کے ٹھیکیداروں کو بقایا ادائیگیوں کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔ یہ بات انہوں نے شاہ بلڈرز کے مالک آغا وزیر شاہ سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال، ٹھیکیدار برادری کو درپیش مسائل اور بالخصوص نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے ٹھیکیداروں کی طویل عرصے سے التوا کا شکار بقایا ادائیگیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ این ایچ اے کی بقایا ادائیگیوں کے مسئلے پر مؤثر لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا اور متعلقہ اعلیٰ حکام کے سامنے بلوچستان کے ٹھیکیداروں کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گااس موقع پر شرکاء نے این ایچ اے کی جانب سے بلوچستان کے ٹھیکیداروں کی ادائیگیوں میں مسلسل تاخیر پر شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے سوال کیا کہ آخر بلوچستان کے ٹھیکیداروں کے ساتھ یہ امتیازی سلوک کیوں روا رکھا جا رہا ہے؟شرکاء نے کہا کہ ہمارے علم میں یہ اطلاعات آئی ہیں کہ سندھ اور پنجاب کے ٹھیکیداروں کو ان کی بقایا ادائیگیاں کر دی گئی ہیں جبکہ بلوچستان کے ٹھیکیدار تاحال اپنے جائز واجبات کے منتظر ہیں اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو یہ بلوچستان کے ساتھ کھلی معاشی ناانصافی اور امتیازی رویے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو یہ سمجھنا ہوگا کہ بلوچستان کے ٹھیکیدار کسی سے خیرات نہیں مانگ رہے بلکہ اپنی محنت، سرمایہ کاری اور مکمل کیے گئے ترقیاتی کاموں کے جائز واجبات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔مرکزی صدر میر عبدالسلام لانگو نے کہا کہ بلوچستان کے ٹھیکیدار پہلے ہی مہنگائی، مشینری کے نقصانات، سیکیورٹی مسائل اور مالی بحران کا شکار ہیں ایسے حالات میں ان کی ادائیگیاں روکنا ان کے معاشی استحصال کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور این ایچ اے کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ بلوچستان کے ٹھیکیداروں کے تمام تصدیق شدہ بقایا واجبات فوری ادا کیے جائیں صوبوں کے درمیان ادائیگیوں میں مبینہ امتیاز کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور بلوچستان کے ٹھیکیداروں کو مزید معاشی مشکلات میں مبتلا نہ کیا جائے بلوچستان کے ٹھیکیداروں کے ساتھ معاشی ناانصافی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں