کوئٹہ (این این آئی)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی شہر کے مختلف علاقوں میں آٹے کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں اس سلسلے میں گزشتہ روز مخلتف کارروائیوں میں 8ہول سیل ڈیلرز گرفتار اور جیل منتقل کردیا گیا تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) محمد امیر حمزہ نے سب ڈویژن سٹی کے مختلف علاقوں میں آٹے کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے دکانوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے دکانداروں کو آٹے کی فروخت سرکاری نرخنامے کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت وارننگ جاری کی۔اس کے علاؤہ اسسٹنٹ کمشنر سریاب کی ٹیم نے ایسٹرن بائی پاس، جتک اسٹاپ اور گیلانی روڈ سریاب پر آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے کارروائیاں کیں۔کارروائی کے دوران سرکاری نرخنامے سے زائد قیمت پر آٹا فروخت کرنے والے 8 ہول سیل ڈیلرز کو گرفتار کر لیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی کا مقصد سرکاری نرخنامے پر عمل درآمد یقینی بنانا، عوام کو مہنگے داموں آٹے کی فروخت سے بچانا اور مقررہ قیمتوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

