لسبیلہ(رپورٹ حفیظ دانش) صوبائی وزیر صحت بلوچستان میر بخت محمد کاکڑ اور سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمان پانیزئی نے لسبیلہ ڈویژن کے ہیڈکوارٹر اوتھل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونیسیف کے تعاون سے تیار کردہ صوبائی ڈرائی اسٹوریج ویئر ہاؤس اور 250 کلوواٹ سولر پاور سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے اعلان کیا کہ لسبیلہ میں ایک ہفتے کے اندر ڈائیلسیز سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا، جبکہ سول اسپتال اوتھل کو جلد دو ایمبولینسیں بھی فراہم کی جائیں گی۔افتتاحی تقریب میں کمشنر قلات ڈویژن سائرہ عطاء، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ، ڈی ایچ او لسبیلہ ڈاکٹر سید فرید اللہ شاہ ہاشمی، ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج کریم بلوچ، پی پی ایچ آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منصور اور ایم ایس سول اسپتال اوتھل ڈاکٹر اویس واجد سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔مذکورہ منصوبہ یونیسیف نے ویکسین الائنس (Gavi) کے تعاون سے مکمل کیا ہے، جس کا مقصد صوبائی سطح پر ویکسین اور دیگر ضروری طبی سامان کو محفوظ طریقے سے ذخیرہ کرنا ہے۔ منصوبے کے تحت ڈرائی اسٹوریج ویئر ہاؤس کے ساتھ 250 کلوواٹ کا سولر پاور سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے، جس سے طبی سامان کی محفوظ ذخیرہ اندوزی اور بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت میر بخت محمد کاکڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں بہتری لانے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ لسبیلہ میں ڈائیلسیز سینٹر کے قیام سے گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو مقامی سطح پر علاج کی سہولت میسر آئے گی اور انہیں ڈائیلسیز کے لیے کراچی سمیت دیگر شہروں کا سفر کرنے کی مشکلات سے نجات ملنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سول اسپتال اوتھل کو جلد دو ایمبولینسیں فراہم کی جائیں گی، جس سے مریضوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی اور ہنگامی حالات میں اسپتال منتقل کرنے کے عمل میں بہتری آئے گی۔ بالخصوص قومی شاہراہ پر پیش آنے والے حادثات کے زخمیوں کو بروقت اسپتال پہنچانے اور قیمتی انسانی جانیں بچانے میں ایمبولینسوں کی فراہمی اہم کردار ادا کرے گی۔صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے اور اس کی کوشش ہے کہ صوبے کے شہریوں سمیت دور دراز علاقوں کے عوام کو بھی بہتر طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات میسر آسکیں۔

