چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت صوبائی مالیاتی امور اور ٹیکس نظام کی بہتری بارے اجلاس

کوئٹہ (این این آئی) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبائی مالیاتی امور اور ٹیکس نظام کی بہتری کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) کی کارکردگی، ادارے میں اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری فنانس جہانگیر خان نے بی آر اے کو درپیش چیلنجز اور نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک جامع بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں نشاندہی کی گئی کہ ادارے کی کارکردگی کو مؤثر بنانے کے لیے واضح قوانین، باصلاحیت و جوابدہ قیادت، مضبوط تنظیمی ڈھانچہ اور ماہر عملہ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے صوبے میں ٹیکس کلیکشن کے نظام کو شفاف اور تیز تر بنانے کی سخت ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹیکس وصولی کے عمل کو آسان اور جدید بنایا جائے تاکہ صوبائی آمدنی میں اضافہ ممکن ہو سکے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی معاشی خودمختاری اور ترقی کا دارومدار ایک مضبوط، شفاف اور فعال ٹیکس کے نظام پر ہے۔ ہمارا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے نہ صرف ٹیکس چوری کا سدباب ہو بلکہ عام شہری اور ٹیکس دہندگان کے لیے بھی آسانیاں پیدا ہوں۔ تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں مکمل پیشہ ورانہ مہارت اور ایمانداری سے ادا کریں تاکہ صوبے کے تمام طے شدہ ریونیو اہداف کو وقت پر حاصل کیا جا سکے اور عوامی وسائل کا بہتر استعمال یقینی ہو۔ اجلاس میں چیئرمین بی آر اے عبداللہ خان بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں