کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر رہنما اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے کوآرڈینیٹر کمیونیکیشن افیئرز لیاقت اقبال راجپوت نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی مدبرانہ قیادت، صوبے کے لیے مخلصانہ جدوجہد اور عوامی خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی انتھک کاوشوں اور خصوصی گذارش پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے بلوچستان کے لیے 9 ہزار اسامیوں کا تاریخی اعلان ایک شاندار اور انقلابی پیش رفت ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیا ن میں لیاقت اقبال راجپوت نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف صوبے سے بے روزگاری کے اندھیرے ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ اس سے امن و امان کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئے گی اور ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کو ایک باوقار اور پائیدار ذریعہ معاش میسر آئے گا۔لیاقت اقبال راجپوت نے سیدال خان ناصر کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاسیدال خان ناصر بلوچستان کے عوام کے حقیقی، باصلاحیت اور دردِ دل رکھنے والے نمائندے ہیں کوئٹہ سمیت پورے صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے ان کی ذاتی دلچسپی، پیہم جدوجہد اور خلوصِ نیت کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ آنے والے دنوں میں بھی صوبے کے دیگر بنیادی مسائل، بے روزگاری کے مستقل سدِ باب اور بلوچستان کے غیر فعال و بند انڈسٹریل ایریاز کی فوری بحالی کے لیے اپنی کارآمد سفارشات بالا حکام اور اربابِ اختیار تک پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک “روشن، خوشحال اور امن و امان سے گہوارہ بلوچستان” کا جو خواب ہم نے دیکھا ہے، اس کی تعبیر کے لیے سیدال خان ناصر کا عملی اور تاریخی کردار ہمیشہ زریں حروف میں یاد رکھا جائے گا۔

