دہشتگردانہ حملوں میں 37 فیصد، اموات میں 57 فیصد،زخمیوں میں 71 فیصد کمی مثبت پیشرفت ہے،سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں دہشت گردانہ حملوں میں 37 فیصد، اموات میں 57 فیصد جبکہ زخمیوں کی تعداد میں 71 فیصد کمی واقع ہوئی۔ بالخصوص بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرزمین علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونا سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی، مسلسل کارروائیوں اور دہشت گرد نیٹ ورکس پر بڑھتے ہوئے دباؤ کی عکاسی کرتا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اکتوبر میں ملک بھر میں دہشت گردی کے 143 واقعات پیش آئے، جبکہ ستمبر میں یہ تعداد 226 تھی۔ اسی طرح دہشت گرد حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 260 سے کم ہو کر 111 رہ گئی۔ خودکش حملوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بہتری اس لیے اہم ہے کہ دونوں صوبے طویل عرصے سے دہشت گردی، مسلح شورش اور سرحد پار سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔ تاہم بلوچستان میں اغوا کے واقعات میں اضافہ بدستور تشویشناک ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بہتر عملی گرفت کا اظہار ہیں، لیکن مستقل امن کیلئے انٹیلی جنس تعاون، سرحدی نگرانی، مقامی آبادی کا اعتماد اور ترقیاتی اقدامات ناگزیر ہیں۔ حکومت کو سیکیورٹی کامیابیوں کو دیرپا امن میں تبدیل کرنے کیلئے دہشتگردی کے سہولتکاروں اور مالی معاونت کے نیٹ ورکس کیخلاف بھی کاروائیاں جاری رکھنی چاہئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں