کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حیات خان اچکزئی نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دنکے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادیِ صحافت اور صحافیوں کا تحفظ کسی بھی پرامن اور جمہوری معاشرے کی ضامن ہوتی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے حق و سچ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام صحافیوں، بالخصوص بلوچستان میں مشکل ترین حالات کے باوجود فرائض سرانجام دینے والے صحافیوب کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف ہونے والے جرائم اور تشدد کے واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صحافیوں پر حملے کرنے والوں کو سزا نہ ملنا آزاد صحافت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ حیات خان اچکزئی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادیِ اظہارِ رائے، صحافتی حقوق اور جمہوری اقدار کی پاسداری کی ہے۔ پارٹی ہر سطح پر صحافی برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کی سیکیورٹی، تحفظ اور ان کے خلاف ہونے والے ناانصافیوں کے خاتمے کے لیے جامع اور عملی اقدامات کو یقینی بنائیں کیونکہ صحافت صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ مظلوموں کی آواز اور حق کی ترجمانی کا نام ہے۔ جب تک صحافی محفوظ نہیں ہوں گے، تب تک ایک منصفانہ معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔

