حب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ میر علی حسن زہری

حب( رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما، ترجمان صدر مملکت آصف علی زرداری اور سابق صوبائی وزیر میر علی حسن زہری کے اعزاز میں شیخ ابراہیم گوٹھ میں ایک عظیم الشان عوامی جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر کونسلر اسد شیخ نے ان کا شاندار استقبال کیا، جبکہ یوسف شیخ نے انہیں بلوچی پگ پہنا کر روایتی انداز میں خوش آمدید کہا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میر علی حسن زہری نے پرتپاک استقبال اور والہانہ محبت پر کونسلر اسد شیخ، یوسف شیخ اور اہلِ علاقہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی محبت اور اعتماد ان کے لیے باعثِ فخر اور خدمتِ خلق کے عزم کو مزید مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے۔ عوامی مسائل کا حل اور علاقے کی ترقی ان کی اولین ترجیحات ہیں۔ میر علی حسن زہری نے اعلان کیا کہ حب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور شہر کے ساتھ نواحی علاقوں کو بھی ترقی کے ثمرات سے مستفید کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی دہائیوں کی پسماندگی کے خاتمے کے لیے تعلیم، صاف پانی، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ کوئٹہ کراچی شاہراہ سمیت اہم تعمیراتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے سفری سہولیات بہتر ہونے کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔ حب میں پانی کی قلت کو ایک اہم عوامی مسئلہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے جاری ہیں اور پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے بلوچستان کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق وڑن اور وعدوں کو عملی شکل دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور عوامی خدمت ہے اور حب سمیت پورے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ میر علی حسن زہری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حب اور اس کے نواحی علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے گا، عوامی مسائل کے حل کو مقدم رکھا جائے گا اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں