کوئٹہ +اسلام آباد (این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عالمی سطح پر مضبوط تشخص کے لیے معاشی استحکام، سیاسی استحکام اور امن و امان کا قیام ناگزیر ہے۔ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور قومی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اس ضمن میں تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد اور ملکی ترقی کے مشترکہ ایجنڈے پر متحد ہو کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے امریکہ اور جاپان سمیت مختلف ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے وفود، قبائلی عمائدین، وکلا، دانشوروں، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش مسائل، ان کے حقوق و تحفظ، ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال، قومی سلامتی اور ملکی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور قومی معیشت کا اہم ستون ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت، صلاحیتوں اور ترسیلاتِ زر کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے اور ترقی و خوشحالی کے عمل کو آگے بڑھانے میں قابلِ قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی خدمات نہ صرف پاکستان کے معاشی استحکام بلکہ ملک کے عالمی تشخص کو بہتر بنانے میں بھی اہمیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کی اہمیت اور انہیں درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے مسائل کے مؤثر حل، حقوق کے تحفظ، سرمایہ کاری کے فروغ اور سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد اہم اور انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش قانونی، انتظامی اور دیگر مشکلات کے ازالے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے تاکہ وہ اعتماد اور اطمینان کے ساتھ پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عالمی سطح پر مضبوط تشخص کے لیے معاشی استحکام، سیاسی استحکام اور امن و امان کا قیام ناگزیر ہے۔ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور قومی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ اس ضمن میں تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد اور ملکی ترقی کے مشترکہ ایجنڈے پر متحد ہو کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور باہمی مشاورت ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت میں پاکستان معاشی استحکام، سیاسی بہتری، قومی سلامتی اور بین الاقوامی تعلقات کے فروغ کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔ ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور مشترکہ کوششیں قومی مفاد کے تحفظ اور ملکی ترقی کے لیے ایک مؤثر سمت متعین کر رہی ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت پاکستان ملکی سرحدوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام کے لیے بھی سفارتی اور سکیورٹی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں قومی سلامتی، دفاع اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جاری کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی قومی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن باب ہے، جس نے قومی عزم، اتحاد، پیشہ ورانہ صلاحیت اور دفاعی قوت کا بھرپور اظہار کیا۔ اس کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے اور یہ قومی یکجہتی، دفاعی استحکام اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤثر کردار کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔سیدال خان ناصر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط، سیاسی طور پر مستحکم اور عالمی سطح پر باوقار ملک بنانے کے لیے تمام قومی قوتوں کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سمندر پار پاکستانیوں سمیت ہر طبقے کی صلاحیتوں اور تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔

