بلوچستان میں میگا منصوبوں کے ساتھ فوری عوامی ریلیف کے منصوبوں کو بھی ترجیح دی جائے،سینیٹر عبد القادر

کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے طویل المدتی میگا منصوبوں کے ساتھ مختصر المدتی، عوامی ضروریات پر مبنی ترقیاتی منصوبوں کو بھی ترجیح دینا ضروری ہے۔ بڑے منصوبے مستقبل میں معاشی استحکام اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کا ذریعہ بن سکتے ہیں، تاہم عوام کی موجودہ مشکلات کے حل کے لیے ایسے اقدامات بھی ناگزیر ہیں جن کے ثمرات فوری طور پر عام شہری تک پہنچیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی، بنیادی مراکزِ صحت کی فعالیت، اسکولوں میں ضروری سہولتوں، سڑکوں کی مرمت، بجلی، نکاسی آب اور مقامی روزگار کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ نئے منصوبوں کے ساتھ موجودہ سہولتوں کی بحالی اور نامکمل منصوبوں کی تکمیل کو بھی ترجیح دی جائے تاکہ دستیاب وسائل سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ بلوچستان میں غربت کم کرنے اور خودروزگاری بڑھانے کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی مؤثر اقدام ثابت ہو سکتی ہے۔ بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان شرائط اور شفاف طریقہ کار کے تحت مالی معاونت فراہم کی جائے۔ قرضوں کے ساتھ فنی تربیت، کاروباری رہنمائی اور مصنوعات کی فروخت میں مدد بھی دی جائے تاکہ یہ کاروبار مستقل آمدن کا ذریعہ بن سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی روایتی دستکاری، قالین بافی، کڑھائی اور گھریلو صنعتوں کے ساتھ زراعت، لائیو اسٹاک اور ماہی گیری میں روزگار کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان شعبوں سے وابستہ افراد کو جدید تربیت، ضروری آلات، مشینری اور منڈیوں تک رسائی فراہم کرکے مقامی معیشت مضبوط بنائی جا سکتی ہے۔ خواتین کو گھر یا اپنے علاقے میں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے انتخاب میں مقامی آبادی کی ضروریات اور مشاورت کو بنیادی اہمیت دی جائے، جبکہ فنڈز کے استعمال میں شفافیت، میرٹ، مؤثر نگرانی اور مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا اصل معیار عوام کی زندگی میں آنے والی بہتری ہے۔ میگا منصوبوں کے ساتھ فوری ریلیف، بلاسود قرضوں اور مقامی صنعتوں کے فروغ پر مسلسل توجہ بلوچستان میں غربت کم کرنے، روزگار بڑھانے اور سماجی استحکام کی مضبوط بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں