چیوننگ اسکالرشپ اور الائیڈ بینک کے اشتراک سے 2027-28ء سے تین تعلیمی سالوں کے لیے ہر سال دو پاکستانی طلبہ کو برطانوی جامعات میں ماسٹرز کی تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
برطانوی چیوننگ اسکالرشپ پروگرام اور الائیڈ بینک لمیٹڈ نے پاکستانی طلبہ کو برطانیہ کی ممتاز جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے نئی شراکت داری قائم کر لی ہے، جس کے تحت باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کو مکمل فنڈڈ ماسٹرز ڈگری کے وظائف دیے جائیں گے۔
برطانوی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق الائیڈ بینک پاکستان کا پہلا ادارہ بن گیا ہے جس نے مقامی مالی معاونت کے ذریعے چیوننگ اسکالرشپ پروگرام کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ اس اقدام کا مقصد نجی شعبے کے تعاون سے پاکستان کے مستقبل کے رہنماؤں اور باصلاحیت نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔اس شراکت داری کے تحت ہر سال دو پاکستانی طلبہ کو وظائف فراہم کیے جائیں گے، جبکہ یہ سلسلہ تین تعلیمی سالوں تک جاری رہے گا۔ وظائف کا آغاز تعلیمی سال 2027-28ء سے ہوگا۔
ترجمان کے مطابق چیوننگ پروگرام دنیا بھر میں 140 سے زائد اداروں کے ساتھ شراکت داری رکھتا ہے، جن میں نجی کمپنیاں، غیر سرکاری تنظیمیں، غیر ملکی سرکاری محکمے اور برطانیہ کی جامعات شامل ہیں۔
اس موقع پر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے عوام ہیں۔ ان کے بقول یہ شراکت داری مستقبل کے رہنماؤں کو دنیا کی ممتاز جامعات میں تعلیم حاصل کرنے اور نئے خیالات و تجربات کے ساتھ وطن واپس آنے کا موقع فراہم کرے گی۔جین میریٹ نے مزید کہا کہ یہ امر خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ چیوننگ اسکالرشپ حاصل کرنے والا ایک سابق طالب علم اب نئی نسل کو بھی یہی تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے۔

