سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کیلئے نیا قومی نصاب متعارف کرانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وفاقی وزارت تعلیم نے قومی نصاب پاکستان 2026 کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جس کا اطلاق تعلیمی سال 2027-28 سے ہوگا۔
نئے نصاب کا نفاذ اسلام آباد سمیت ملک بھر کے وفاقی تعلیمی اداروں میں کیا جائے گا، جبکہ ابتدائی بچپن کی تعلیم سے پانچویں جماعت تک کے طلبہ اس نصاب کے تحت تعلیم حاصل کریں گے۔
قومی نصاب میں اردو، انگریزی اور ریاضی کو بنیادی مضامین کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی جماعتوں میں صحت و جسمانی تعلیم اور آرٹس بھی نصاب کا حصہ ہوں گے۔ پہلی سے پانچویں جماعت تک انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے گی۔
نئے نصاب کے تحت پہلی سے تیسری جماعت تک ورلڈ اراؤنڈ کے مضامین شامل ہوں گے، جبکہ چوتھی اور پانچویں جماعت میں سماجی علوم اور سائنس پڑھائی جائے گی۔
وفاقی وزارت تعلیم نے پنجاب سمیت تمام صوبوں کو نئے قومی نصاب پر عملدرآمد کیلئے نوٹیفکیشن ارسال کردیا ہے۔ قومی نصاب پاکستان 2026 پاکستان نیشنل کریکولم کونسل کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوگا۔

