پنجاب میں خصوصی تعلیم کے شعبے کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور خصوصی بچوں کے لیے تدریسی نظام آسان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈی جی سپیشل ایجوکیشن شعیب خان جدون نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے وفد سے ملاقات کی، جس میں خصوصی تعلیم کو ڈیجیٹلائز کرنے اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
منصوبے کے تحت کلاس رومز کے لیے عالمی معیار کے جدید ڈیجیٹل لرننگ ماڈیولز تیار کیے جائیں گے، جبکہ خصوصی بچوں کی درسی کتب کو آسان ڈیجیٹل فارمیٹس میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ انہیں سیکھنے کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اساتذہ اور سکول اسٹاف کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تربیتی پروگرامز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ تعلیمی ویڈیوز کی تیاری کے لیے جدید ترین اِن ہاؤس اسٹوڈیو قائم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
ڈی جی سپیشل ایجوکیشن شعیب خان جدون کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے خصوصی بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ خصوصی بچوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے آسان اور مؤثر تدریسی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔

