وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قابل بچے اور بچیاں ہی پاکستان کا سرمایہ ہیں، بچوں کو بااختیار بنانا، جدید ترین ٹیکنالوجی اور مہارتیں فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے سکول و مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طلبہ میں کروم بکس اور انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر کے ہونہار اور قابل بچوں کو بااختیار بنانے کے عظیم سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ اور مستقبل ہیں، ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت میں قید نہیں ہونا چاہیے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکولوں میں مفت رہائش اور کھانےکی سہولت دی جارہی ہے ،ملک بھر میں مزید دس اسکول زیر تعمیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت بیٹے اور بیٹیاں پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں، طلبا و طالبات کو کروم بکس صرف میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر دی جا رہی ہیں۔

