تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ طلباء محنت، لگن اور نظم و ضبط کو اپنا شعار بنائیں عرفان اللہ خان

سیوی/نامہ نگار)کمشنر سیوی ڈویژن عرفان اللہ خان نے ڈویژنل پبلک سکول سیوی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل بھی ان کے ہمراہ تھے دورے کے دوران کمشنر نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلباء سے تعلیمی سرگرمیوں، نصاب اور مختلف مضامین کے حوالے سے سوالات کیے جن کے ذریعے طلباء کی تعلیمی استعداد اور سیکھنے کے معیار کا جائزہ لیا۔ کمشنر عرفان اللہ خان نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ طلباء محنت، لگن اور نظم و ضبط کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ علم کے حصول کے ساتھ ساتھ کردار سازی، اخلاقی تربیت اور اساتذہ کا احترام بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر کمشنر سیوی ڈویژن نے اساتذہ سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور نئی نسل کی بہتر تربیت میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اساتذہ طلباء کی تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے اور ان کی اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، تدریسی معیار اور مثبت تعلیمی ماحول کو برقرار رکھا جائے تاکہ طلباء کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔ دورے کے دوران کمشنر عرفان اللہ خان نے شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا اور پودا لگا کر ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا ماحول کے تحفظ، فضائی آلودگی میں کمی اور آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول کی فراہمی کے حوالے سے انتہائی ضروری ہے۔ طلباء اور اساتذہ کو بھی شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے پودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کی ترغیب دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں