فکر اقبال سے مسلمانوں میں خودی، بیداریِ شعور،آزادی کا پیدا ہونیوالا عزم پاکستان کی صورت میں تعبیر ہوا،چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(این این آئی)پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن و مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئررہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ اقبال کی فکر نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، بیداریِ شعور اور آزادی کا عزم پیدا کیا جو بالآخر قیامِ پاکستان کی صورت میں تعبیر ہوا، علامہ اقبال محض ایک شاعر نہیں بلکہ ایک فلسفی، مفکر اور روحانی رہنما تھے جنہوں نے غلامی کی زنجیروں میں جکڑے مسلمانوں کے دلوں میں خوداعتمادی، ایمان اور عمل کی حرارت پیدا کی ان کا پیغام آج بھی ہمارے لیے قومی بیداری اور عملی جدوجہد کا سرچشمہ ہے۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ اقبال کی شاعری میں قرآنی تعلیمات، عشقِ رسول ؐ خودی کا فلسفہ، اور عمل کی دعوت پوری شدت کے ساتھ موجود ہے ان کے افکار ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ قومیں خوابوں سے نہیں بلکہ عزم، علم اور کردار سے بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام محض کسی خاص دور کے لیے نہیں بلکہ ہر زمانے اور ہر نسل کے لیے ایک زندہ فلسفہ ہے جو ہمیں یہ باور کراتا ہے کہ اگر ہم اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں اور عمل کے میدان میں ڈٹ جائیں تو کوئی قوت ہمیں ترقی سے نہیں روک سکتی۔انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ علامہ اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کریں کیونکہ اقبال نے نوجوان کو قوم کا معمار قرار دیاانہوں نے نوجوانوں کو بلند حوصلے، علم کی جستجو اور قومی خدمت کا درس دیا، جو موجودہ دور میں پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اقبال کے پیغام کو صرف تقریروں اور کتابوں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر ہم ایک مضبوط، خوددار اور روشن پاکستان تشکیل دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نوجوانوں کو تعلیم،روزگار اور ہنر کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے وزیراعظم میاں محمد شہبا ز شریف اور پرائم منسٹر یوتھ یروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نوجوانوں کو مختلف ہنرسکھانے کیلئے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں