دیوالی کا تہوار برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے، غزالہ گولہ

کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی و پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ بلوچستان کی صوبائی صدر غزالہ گولہ نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں غزالہ گولہ نے کہا کہ دیوالی کا تہوار برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے اور یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ برائی کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو، اٹل ارادے اور نیکی کے ہاتھوں شکست ہی اس کا مقدر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ناانصافی اور عدم مساوات کے خلاف جدوجہد بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے۔ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔غزالہ گولہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں اقلیتوں کی ترقی، ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور تحفظ کے لیے اقلیتی برادری نے بھی گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، جنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ، مذہبی ہم آہنگی اور مساوی مواقع کی فراہمی ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں