صوبائی وزراء،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی عوامی خدمت کی بجائے لوٹ مار،عیاشیوں میں مصروف ہیں،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ صوبائی وزراء،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی عوام کی خدمت کی بجائے لوٹ مار اور عیاشیوں میں مصروف ہیں بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے اورعوام گیس،بجلی،پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ کوئٹہ شہر سے نصف درج کے قریب ارکان صوبائی اسمبلی اور دو ایم این اے منتخب ہوئے لیکن کوئٹہ شہرکے عوام تمام سہولیات سے محروم ہیں عوام کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر سال بجٹ میں آنے والے اربوں روپے کے فنڈز خوردبرداور کرپشن کی نظر ہوجاتے ہیں اور ترقی صرف کاغذوں کی حد تک نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے عوام بجلی،گیس، پینے کے صاف پانی، تعلیم،ہسپتالوں میں ادویات سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں لیکن صوبائی وزراء،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے لوٹ مار اور کرپشن میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی وزراء،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنا رویہ تبدیل نہیں کیا تو عوام انکا محاسبہ کرنے پرمجبور ہونگے اور پھرانہیں عوام کے غیض و غضب سے بچانے والا کوئی نہیں ہوگا۔ لالہ یوسف خلجی نے نیب اور محکمہ اینٹی کرپشن کے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان اور ْخاص کر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کے گزشتہ تین سال کے دوران ملنے والے فنڈز کی تحقیقات کرائی جائیں اور کرپشن و بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں