کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما وسابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والی جماعت ہے جو اپنے کارکنوں اور جیالوں کو ساتھ لے کر چلتی ہے،پارٹی کی اصل طاقت اس کے نظریاتی کارکن ہیں جنہوں نے ہر مشکل دور میں ثابت قدم رہ کر پارٹی کے نظریے اور قیادت کا ساتھ دیا۔یہ بات انہوں نے پیپلزپارٹی کوئٹہ سٹی کے سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے پارٹی کے صوبائی رہنماوں ڈویژن،ڈسٹرکٹ اور کوئٹہ سٹی کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران پارٹی کے تنظیمی، سیاسی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سینیٹر روزی خان کاکڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین، جمہوریت، عوامی حقوق اور ملک میں جمہوری نظام کے استحکام کے لیے تاریخی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیاں پارٹی کے کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تنظیمی ڈھانچے کو فعال کرنا، کارکنوں کے مسائل حل کرنا اور تمام سطحوں پر باہمی رابطوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام اور بلوچستان کی ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ اپنے روابط مضبوط بنائیں اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وڑن اور شہید قیادت کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔

