جمعیت علما اسلام کی سیاست اقتدار نہیں، نظریاتی نصب العین اور عوامی خدمت پر مبنی ہے، مولانا عبدالواسع

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام کی تاریخ مسلسل جدوجہد، بے مثال قربانیوں، استقامت اور اصولی سیاست سے عبارت ہے۔ قیام پاکستان سے لے کر آج تک ملک میں اسلامی اقدار کے تحفظ، آئین کی بالادستی، جمہوری روایات کے استحکام، پارلیمانی جدوجہد اور عوامی حقوق کے لیے جماعت نے جو کردار ادا کیا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کو دیگر سیاسی جماعتوں کے پیمانے پر پرکھنے اور اس کی جدوجہد کو عام سیاسی مفادات کے تناظر میں دیکھنے والے درحقیقت کج فہمی کا شکار ہیں، کیونکہ جمعیت کی سیاست محض اقتدار کے حصول یا عارضی سیاسی مفادات کے گرد نہیں گھومتی بلکہ اس کی بنیاد نظریاتی نصب العین، دینی تشخص، قومی خودمختاری اور عوامی خدمت پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت نے ہر دور میں نامساعد حالات، سیاسی دبا اور مشکلات کے باوجود اپنے اصولی مقف پر سمجھوتہ نہیں کیا، جبکہ جماعت کے اکابرین اور کارکنوں نے نظریات کے تحفظ کے لیے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، سیاسی انتقام کا سامنا کیا اور بے شمار قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت کی سیاسی جدوجہد کو چند واقعات، وقتی سیاسی حالات یا دیگر جماعتوں سے تقابل کرکے نہیں سمجھا جا سکتا۔ جمعیت علما اسلام نے پارلیمنٹ کے اندر آئین، قانون، جمہوریت، دینی مدارس، مذہبی آزادی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر آواز بلند کی، جبکہ پارلیمنٹ سے باہر بھی پرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوامی مسائل اجاگر کیے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت نے ہمیشہ اختلاف رائے کو جمہوری حق سمجھا اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے آئینی و جمہوری راستہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علما اسلام کی قیادت اور کارکنوں کا تعلق ایسی تحریک سے ہے جس کی بنیاد اکابرین کی قربانیوں، دینی وابستگی اور عوامی اعتماد پر رکھی گئی ہے، اس لیے جماعت کی پالیسیوں، فیصلوں اور سیاسی حکمت عملی کو سمجھنے کے لیے اس کے تاریخی پس منظر اور نظریاتی تشخص کو سامنے رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں جماعت کے کارکنوں اور ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، اتحاد و یکجہتی اور قائدانہ فیصلوں کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں اور منفی پروپیگنڈے یا غیر ضروری تقابل سے متاثر ہوئے بغیر جماعت کے پیغام، نظریے اور عوامی خدمت کو آگے بڑھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں