حب ( رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان میر علی حسن زہری کی خصوصی کاوشوں اور ترقیاتی وژن کے تحت ضلع حب میں تعمیر و ترقی کا سفر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ شہر کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنے، خوبصورتی میں اضافے اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے جاری مختلف ترقیاتی منصوبے اب تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ ان منصوبوں میں ضلع حب کا پہلا جدید طرزِ تعمیر کا حامل فیملی پبلک پارک اور سرکاری محکموں میں خدمات انجام دینے والی خواتین ملازمین کے لیے وویمن ہاسٹل خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، جن کی تعمیر آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے۔ جدید فیملی پبلک پارک کی تکمیل حب کے شہری منظرنامے میں ایک نمایاں اضافہ ثابت ہوگی۔ اس منصوبے کے ذریعے شہریوں، بالخصوص بچوں، نوجوانوں اور خاندانوں کو صحت مند تفریح، مثبت سماجی سرگرمیوں اور معیاری وقت گزارنے کے لیے ایک بہتر ماحول میسر آئے گا۔ یہ پارک نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ شہریوں کی سماجی اور معاشرتی زندگی میں بھی مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنے گا۔ اسی طرح خواتین ملازمین کے لیے زیر تعمیر وویمن ہاسٹل حب میں ایک اہم اور دیرینہ ضرورت کی تکمیل کی جانب پیش رفت ہے۔ سرکاری محکموں میں خدمات انجام دینے والی خواتین کو مناسب اور محفوظ رہائشی سہولیات کی فراہمی اس منصوبے کا بنیادی مقصد ہے۔ ہاسٹل کی تکمیل سے ملازمت پیشہ خواتین کو رہائش کے حوالے سے درپیش مشکلات میں کمی آئے گی اور انہیں ایک بہتر ماحول میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے میں سہولت میسر ہوگی۔ میر علی حسن زہری کی ترقیاتی ترجیحات اس امر کی عکاس ہیں کہ حب کی تعمیر و ترقی صرف سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ شہریوں کو بہتر سہولیات، خواتین کو باوقار رہائشی ماحول، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع اور خاندانوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنا بھی اس وژن کا اہم حصہ ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل حب میں ایک مثبت شہری تبدیلی کی بنیاد بنے گی اور اس بات کا اظہار بھی ہے کہ عوامی خدمت کا حقیقی مقصد ایسے منصوبوں کو عملی شکل دینا ہے جن کے ثمرات براہِ راست عام شہریوں تک پہنچیں۔ جدید فیملی پبلک پارک اور وویمن ہاسٹل جیسے منصوبے شہر کی ترقی کے ساتھ ساتھ خواتین کی سہولت، سماجی بہتری اور شہری خوشحالی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ حب میں جاری ترقیاتی سرگرمیاں ایک نئے شہری منظرنامے کی نوید دے رہی ہیں۔ صحت، پینے کے صاف پانی،نوجوان، خواتین،بچوں اور بزرگوں سمیت ہر طبقہ فکر کے لئے حب میں صحت، روزگار، تعلیم، کھیل، پینے کے صاف پانی، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مفاد عامہ کے جاری و تکمیل شدہ منصوبوں نے حب کو حقیقت میں بدل کر رکھ دیا ہے اور میر علی حسن زہری کے وژن کے مطابق ضلع حب عنقریب ایک ماڈل ضلع کی شکل اختیار کر لے گااور اس سلسلے میں عوامی سہولیات کی فراہمی، شہری خوبصورتی اور فلاحی منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ حب کو ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر بنانے کی جانب عملی پیش رفت جاری ہے۔

