اسلام آباد(رپورٹر ) چیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان کے مختلف علاقوں مستونگ، زیارت اور پنجپائی اور دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران اہم کمانڈر سمیت 30 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت، مؤثر اور جرات مندانہ کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وطنِ عزیز کے دفاع، امن و استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہماری بہادر افواج اور سیکیورٹی ادارے ہر محاذ پر پوری قوت کے ساتھ سرگرمِ عمل ہیں۔دشمن چاہے سرحد پار سے ہوں یا اندرونی عناصر بہادر افواج اور سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ وطن اور اس میں رہنے والے عوام کی حفاظت اپنے خون اور جانوں کے نذرانے دے کر کی ہے جس کے لئے پوری قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم، بزدلانہ کارروائیوں اور تخریبی منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم ان کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور بدامنی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور ملک کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پاکستان کی بہادر افواج اور سیکیورٹی فورسز نے ہر مشکل وقت میں اپنی بے مثال جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور لازوال قربانیوں سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔انہوں نے بلوچستان کے محب وطن نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے لوگوں کو پہچانیں جو ذاتی مفاد کے لئے غیر ملکی آقاؤں کے کہنے پر معصوم نوجونوں کو رسوائی اور موت کی جانب دھکیل رہے ہیں۔ نوجوان یسے مفاد پرست دشمن عناصر کی چالوں اور پروپیگنڈہ میں نہ آئیں اور اپنے اور اپنے خاندان کے مستقبل کو برباد نہ کریں اور اپنے روشن مستقبل کی خاطر اپنی مثبت صلاحیتوں کا استعمال کر کے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ صرف سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے اور قومی اتحاد، یکجہتی اور عزم کے ذریعے دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنایا جائے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

