نصیر آباد(این این آئی)صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت بیرسٹر سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے 9 نومبر یومِ اقبال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال برصغیر کے عظیم شاعر، مفکر اور فلسفی تھے جنہوں نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے مسلمانوں میں آزادی، خودی، خود اعتمادی اور بیداری کا شعور پیدا کیا۔ ان کی تعلیمات آج بھی پوری قوم بالخصوص نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال? نے اپنے افکار و نظریات کے ذریعے مسلمانوں کو ایک الگ شناخت خودمختار تشخص اور آزاد وطن کا تصور دیا، جس نے تحریکِ پاکستان کو فکری بنیاد فراہم کی ان کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جہاں مسلمان آزادی کے ساتھ اپنی تہذیب، مذہبی اقدار اور قومی روایات کے مطابق زندگی گزار سکیں بیرسٹر سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی انسان کو اپنی صلاحیتوں پہچاننے، مشکلات کا مقابلہ کرنے، بلند مقاصد کے حصول اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتا ہے اقبال نوجوانوں کو شاہین سے تشبیہ دیتے ہوئے انہیں بلند پروازی خودداری محنت اور غیر معمولی عزم کا پیغام دیتے ہیں۔ آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ علم و تحقیق، مثبت سوچ اور عملی جدوجہد کو اپنا شعار بنائیں انہوں نے مزید کہا کہ یومِ اقبال ہمیں قومی اتحاد، یکجہتی، اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کا درس دیتا ہے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ ہم علامہ اقبال کے نظریات کو محض تقریبات اور تقاریر تک محدود نہ رکھیں بلکہ ان کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ ہمیں ایک مضبوط، مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرنی چاہئیں۔

