سیوی میں کھیلوں کے میدان آباد اور کھلاڑیوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، بابر علی سیلاچی

سیوی (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر سیوی بابر علی سیلاچی نے کہا ہے کہ شہر میں کھیلوں کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ محکمہ اسپورٹس کے تعاون سے سیوی میں کبڈی، کرکٹ، فٹ بال اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں جاری ہیں جن کے ذریعے مقامی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ان سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جائے اور کھیلوں کے میدانوں کو بنیادی سہولیات سے آراستہ کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے صحافیوں سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سیوی شہر میرا آبائی علاقہ ہے اور یہاں کے نوجوان کھلاڑیوں سے مجھے بے پناہ محبت اور ہمدردی ہے میری خواہش ہے کہ سیوی کے نوجوانوں کو بھی دیگر شہروں کی طرح کھیلوں کے بہتر مواقع اور معیاری سہولیات میسر ہوں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے ضلع ڈویژن اور صوبے کی سطح پر اپنی پہچان بنا سکیں بابر علی سیلاچی کا کہنا تھا کہ کھیل نہ صرف نوجوانوں کی جسمانی صحت بلکہ ذہنی نشوونما، مثبت سوچ، نظم و ضبط اور معاشرتی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں کھیلوں کے ذریعے نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہے محکمہ اسپورٹس کی جانب سے کبڈی، کرکٹ، فٹ بال سمیت دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور اس سلسلے کو مزید فعال بنانے کے لیے حکام بالا سے بھی رابطے میں ہیں انہوں نے مزید کہا کہ سیوی میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مناسب گراؤنڈز، کھیلوں کے سامان اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ مقامی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں اور مختلف ٹورنامنٹس کا انعقاد تسلسل کے ساتھ جاری رہے تاکہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع مل سکے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ کھیل کے تعاون سے سیوی کے کھیلوں کے میدانوں کو مزید فعال اور آباد کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں