سیوی (نامہ نگار) پی پی ایچ آئی (PPHI) ڈسٹرکٹ سپورٹ یونٹ (DSU) سیوی کا چارج سالار خان ساتکزئی نے سنبھال کر اپنے فرائض کی ادائیگی کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ اس موقع پر ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے صدر میر اللہ داد رند کی سربراہی میں جنرل سیکریٹری خرم شہزاد اور ڈپٹی جنرل سیکریٹری ندیم بابر مغل نے ان سے ملاقات کی اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ملاقات کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سیوی ڈاکٹر قادر ہارون اور ایم اینڈ ای آفیسر لالا عبدالصمد عثمانی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر علاقے میں صحت عامہ کی صورتحال، دیہی علاقوں میں قائم بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) کی کارکردگی اور عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر پی پی ایچ آئی ڈی ایس یو سیوی کے نئے انچارج ڈاکٹر سالار خان ساتکزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور عوام کی آنکھ، کان اور ناک کا کردار ادا کرتا ہے۔ میڈیا معاشرے کے مسائل کی نشاندہی کرنے اور عوامی آواز متعلقہ حکام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ مثبت روابط برقرار رکھتے ہوئے صحت کے شعبے میں درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ طور پر کردار ادا کیا جائے گا ڈاکٹر سالار خان ساتکزئی نے مزید کہا کہ سیوی شہر سمیت دور دراز دیہی علاقوں میں قائم تمام بنیادی مراکز صحت اور دیگر صحت مراکز میں عوام کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ہماری کوشش ہوگی کہ غریب اور مستحق مریضوں کو ان کی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات میسر ہوں اور انہیں معمولی طبی مسائل کے لیے بھی دور دراز شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت کے مراکز کی کارکردگی کو بہتر بنانے، عوامی مسائل کے حل اور طبی سہولیات کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ سیوی اور گردونواح کی دیہی آبادی کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں اس موقع پر ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے صدر میر اللہ داد رند نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر سالار خان ساتکزئی اپنی نئی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے ضلع سیوی کے شہریوں اور دیہی آبادی کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے

