سپریم کورٹ؛ بیوی کے نام گھر کی ملکیت برقرار رکھتے ہوئے شوہر کی اپیل خارج

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بیوی کے نام گھر کی ملکیت برقرار رکھتے ہوئے شوہر کی اپیل خارج کرتے ہوئے شوہر کا ہبہ اور بے نامی ملکیت دونوں کا دعویٰ متضاد قرار دے دیا۔
جسٹس شاہد وحید نے فیصلہ تحریر کیا جبکہ جسٹس نعیم اختر افغان بینچ میں شامل تھے۔

عدالت عظمیٰ نے متعلقہ سب رجسٹرار اور ریونیو حکام کو ریکارڈ درست کرنے جبکہ شوہر کو بیوی کو پانچ لاکھ روپے عدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے پانچ لاکھ روپے اخراجات 30 روز میں ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ محض رجسٹرڈ گفٹ ڈیڈ اور انتقال جائیداد کی ملکیت ثابت نہیں کرتے، ہبہ کے لیے اعلان، قبولیت اور قبضے کی منتقلی بنیادی شرائط ہیں، شوہر گھر کا ہبہ قبول کرنے کا ثبوت پیش نہ کر سکا۔ گفٹ ڈیڈ پر صرف بیوی کے دستخط اور انگوٹھے کا نشان تھا، شوہر کے دستخط موجود نہیں تھے جبکہ گفٹ ڈیڈ میں گواہوں کے دستخط کی جگہ خالی تھی، شناخت کنندہ بھی پیش نہ ہوا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق شوہر نے صلح کے لیے گھر اپنے نام منتقل کرنے کی شرط رکھی تھی، صلح کے بدلے گھر کی منتقلی آزادانہ اور بلاعوض ہبہ نہیں، بیوی اپنی جائیداد کی مکمل اور آزادانہ مالک ہے، شوہر کو خودبخود کوئی حق حاصل نہیں۔

عدالتی فیصلے کے مطابق شوہر نے بچوں کے نام گھر منتقل کرنے سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ بچوں کا مالک نہیں، باپ کا بچوں سے تعلق کوئی ملکیتی دستاویز نہیں جس سے انکار کیا جا سکے، خاتون کو اپنے گھر کے تحفظ کے لیے 28 سال سے زائد عدالتی جنگ لڑنا پڑی۔

سپریم کورٹ نے 1994 کی گفٹ ڈیڈ اور انتقال بیوی کے خلاف بے اثر قرار دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں