کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان اسمبلی میں ویمن پارلیمنٹری کاکس بلوچستان صوبائی اسمبلی اور یو این ویمن کے تعاون سے قانون سازی و وکالت پر جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے کمیٹی ہال میں ایک بامقصد اور بامعنی تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا نشست میں سول سوسائٹی کے نمائندوں، ترقیاتی اداروں، خواتین اراکین اسمبلی اور متعلقہ اداروں کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔نشست کا مقصد شرکاء کو پارلیمانی عمل، قانون سازی، نگرانی و احتساب، اور صنفی ذمے دار پالیسی سازی سے متعلق بہتر فہم اور عملی مہارتوں سے روشناس کرانا تھا، تاکہ بلوچستان میں جامع، شراکتی اور جوابدہ حکمرانی کو فروغ دیا جا سکے۔نشست کی صدارت ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی و چیئرپرسن ویمن پارلیمنٹری کاکس بلوچستان اسمبلی محترمہ غزالہ گولا نے کی۔ اپنے افتتاحی خطاب میں انہوں نے کہا یہ نشست خواتین کی سیاسی شمولیت کو مؤثر بنانے، سول سوسائٹی سے روابط کو مضبوط کرنے، اور قانون سازی کو ہر طبقے کے لیے نمائندہ بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔انہوں نے یو این ویمن کی مسلسل معاونت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے نہ صرف خواتین پارلیمنٹری کاکس کو تقویت ملی ہے بلکہ بلوچستان میں صنفی مساوات پر مبنی پالیسی سازی کو ایک نئی جہت ملی ہے۔اجلاس میں سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی قانون سازی کے نظام، اسمبلی کے کردار، قوانین کے مسودے، ترامیم، منظوری کے مراحل، پارلیمانی کمیٹیوں، سوالات، اور تحریکات کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے، جنہیں شرکاء نے تسلی بخش قرار دیا۔نشست کے دوران سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی رکھا گیا، جس میں سول سوسائٹی کی جانب سے ممکنہ تعاون کی تجاویز پیش کی گئیں۔ شرکاء کو صنفی مساوات سے متعلق اہم قوانین، پالیسی فریم ورکس، بل ٹریکنگ، اور پالیسی مانیٹرنگ کے عملی طریقہ کار سے بھی روشناس کرایا گیا۔وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کیا۔ انہوں نے کہا ہماری خواتین محنت کر رہی ہیں مگر ان کا کام اور کردار منظرِ عام پر نہیں آتا۔ ویمن کاکس کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ہم پْرعزم ہیں۔ ایسے تربیتی سیشنز کا تسلسل وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب کے اختتام پر رکن اسمبلی اور ڈپٹی سیکرٹری ویمن پارلیمانی کاکس بلوچستان اسمبلی شاہدہ رؤف نے بھی مختصر اظہارِ خیال کیا اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔یو این ویمن بلوچستان کی سب آفس کی سربراہ عائشہ ایوب ودود نے بھی ڈپٹی اسپیکر کے ہمراہ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری بلوچستان میں صنفی حساس حکمرانی اور پالیسی سازی کو عملی طور پر مضبوط کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ ہم ویمن پارلیمنٹری کاکس کے ساتھ قریبی اشتراک کو مزید فروغ دیں گے۔آخر میں چیئرپرسن ویمن پارلیمنٹری کاکس بلوچستان اسمبلی غزالہ گولا نے تمام شرکاء سول سوسائٹی، ترقیاتی اداروں، اور یو این ویمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اْمید ظاہر کی کہ یہ نشست مستقبل میں پارلیمان اور عوامی اداروں کے درمیان ایک پائیدار، مضبوط اور بامقصد ربط کی بنیاد بنے گی۔

