عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اورانکے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی

کوئٹہ(این این آئی) پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اورانکے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو سی جی ایس کالونی کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی دورے کے دوران میر لیاقت لہڑی نے علاقے کے مکینوں سے ملاقات کی اورانکے مسائل سنے اس موقع پر نوید بیگ، حمزہ بیگ، سلیم زرکون، فرید احمد، مظہر ملغانی، شفیق احمد، محمد ظفر، عارف بلیدی، شاہد احمد، عظیم رئیسانی، محمد مصور، ببرک خان اور دیگر علاقائی معززین بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران علاقائی عمائدین نے میر لیاقت علی لہڑی کو علاقے میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی، اور دیگر مسائل سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری پر میر لیاقت علی لہڑی نے علاقہ مکینوں کو یقین دہانی کروائی کہ وہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ حکام کے نوٹس میں لا کر ان کے حل کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے عوام کو تعلیم،صحت،پینے کے صاف پانی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت نے تاریخ میں پہلی دفعہ مالی سال2024-25ء کے دوران ترقیاتی بجٹ کا 100فیصد عوام کو سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا ہے اورانشاء اللہ رواں مالی سال کے دوران جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا جس سے عوام کو سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں