قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کوئٹہ(این این آئی) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پاک افغان بارڈر پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی بروقت، جرات مندانہ اور کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن سیکیورٹی فورسز کی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، اعلیٰ حکمت عملی اور وطن سے بے مثال وفاداری کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔سیدال خان نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں، بہادری اور مسلسل جدوجہد نہ صرف قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مضبوط عزم اور وقار کا مظہر بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی اداروں کی خدمات، حب الوطنی، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔قائم مقام چیئرمین نے سیکیورٹی فورسز کو قومی سلامتی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے والی یہ کامیاب کارروائیاں ملکی دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے کردار پر فخر کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں