اسلام آباد (این این آئی)ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کے نتیجے میں 19اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں،حالیہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں 0.95فیصد اضافہ جب کہ اس سے پچھلے ہفتے بھی 0.73فیصد اضافہ ہو تھا۔ اسی طرح حالیہ ہفتے میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار کی شرح 1.23 فیصد رہی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار جاری رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 19اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 6اشیا سستی اور 26کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔حالیہ ایک ہفتے کے دوران آلو کی قیمتوں میں 2.79فیصد،پیاز کی قیمتوں میں 6.25فیصد، ٹماٹرکی قیمتوں میں 13.45 فیصد،لہسن کی قیمتوں میں 2.36فیصد، گڑکی قیمتوں میں 1.89فیصد، چینی کی قیمتوں میں 1.90فیصد،باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں 0.84 فیصد اور چکن کی قیمتوں میں 22.61 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اس کے علاوہ ایل پی جی کی قیمتوں میں 2.56فیصد،سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں 0.81 فیصد،دال مونگ کی قیمتوں میں 0.41 فیصد، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 0.20 فیصد، وناسپتی گھی کی قیمتوں میں 0.02 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں 0.02فیصد کمی ہوئی ہے۔اعدادوشمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار1.06فیصد اضافے کے ساتھ منفی1.83 فیصد، 17ہزار 733روپے سے 22ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیہے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 1.10فیصد اضافے کے ساتھ منفی 2.79فیصد رہی۔اسی طرح 22ہزار 889روپے سے 29ہزار 517روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.99فیصداضافے کیساتھ منفی1.41فیصد، 29ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار1.02فیصداضافے کے ساتھ منفی 0.59فیصد رہی جبکہ44ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.88فیصداضافے کیساتھ منفی 0.04فیصدرہی ہے۔

