ڈیجیٹل دور میں نوجوانوں کو جدید ذرائع ابلاغ سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے، گہرام بخشی بلوچ

کوئٹہ(این این آئی) پارلیمانی سیکریٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ زرین خان مگسی اور سیکریٹری سیاحت و ثقافت حمید اللہ خان ناصر کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سیاحت بلوچستان اور ریڈیو پاکستان کوئٹہ کے اشتراک سے ”ڈیجیٹل میڈیا انگیجمنٹ پروگرام“ کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام کا مقصد بلوچستان کے نوجوان سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے کے سیاحتی، ثقافتی اور تاریخی ورثے کو سوشل میڈیا کے ذریعے ملکی و عالمی سطح پر اجاگر کرنا تھا۔ تقریب میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر سیاحت بلوچستان گہرام بخشی بلوچ نے شرکاء کو بلوچستان کے اہم سیاحتی مقامات، قدرتی حسن، تاریخی ورثے، ثقافت اور روایات کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا بلوچستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور صوبے کے سیاحتی مقامات کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ نوجوان انفلوئنسرز اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بلوچستان کی خوبصورتی، ثقافت اور تہذیب کو دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان کوئٹہ صدیقہ خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان بلوچستان کی ثقافت، روایات اور مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں نوجوانوں کو جدید ذرائع ابلاغ سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے ذریعے بلوچستان کے مثبت تشخص اور سیاحتی امکانات کو وسیع پیمانے پر اجاگر کیا جا سکتا ہے۔سینئر پروڈیوسر ریڈیو پاکستان کوئٹہ کلیم اللہ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے صوبے کے قدرتی حسن، ثقافت اور سیاحتی مقامات کو دنیا تک پہنچانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرامز نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔پروگرام کے دوران شرکاء کے لیے خصوصی ثقافتی و میوزیکل پروگرام کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں بلوچستان کے مختلف علاقوں کے علاقائی و ثقافتی گیت پیش کیے گئے۔ شرکاء نے علاقائی موسیقی اور ثقافتی رنگوں سے بھرپور پروگرام سے بھرپور محظوظ ہوئے۔بعدازاں نوجوان سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو کوئٹہ کے معروف سیاحتی و ثقافتی مقام مری آباد کا دورہ بھی کرایا گیا، جہاں انہوں نے مختلف مقامات کی فوٹوگرافی اور ویڈیو ریکارڈنگ کی جبکہ مختصر ویڈیوز اور سوشل میڈیا ریلز بھی تیار کیں۔اس موقع پر نوجوان انفلوئنسرز نے کہا کہ وہ بلوچستان کے سیاحتی اور ثقافتی مقامات کے حوالے سے تیار کردہ تصاویر، ویڈیوز اور ریلز کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کریں گے، تاکہ بلوچستان کے قدرتی حسن، ثقافت اور سیاحتی مقامات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جا سکے اور صوبے کے مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جا سکے۔نوجوان سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے حکومت بلوچستان سے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کے ڈیجیٹل میڈیا انگیجمنٹ پروگرامز کا دائرہ صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی وسیع کیا جائے، تاکہ نوجوان اپنے علاقوں کے سیاحتی، تاریخی اور ثقافتی مقامات سے روشناس ہونے کے ساتھ ساتھ جدید ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے بلوچستان کی خوبصورتی اور مثبت تشخص کو ملکی و عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں