کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت سوشو پولیٹیکل اسٹیئرنگ کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ حافظ محمد قاسم سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر خزانہ کو گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت اور مختلف اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس کمیٹی کے چیئرمین صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں، تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز کے ذریعے بااختیار اور حوصلہ افزائی دینی چاہیے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کی ترقی میں موثر مثبت کردار ادا کر سکیں۔اجلاس میں BSDI پروجیکٹ کے فیز ٹو کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ منصوبے کے آئندہ مراحل میں بھی کام کی رفتار اور معیار کو برقرار رکھتے ہوئے مقررہ اہداف حاصل کیے جائیں گے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت منعقدہ سوشو پولیٹیکل اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر صوبائی سطح پر موثر اور عملی انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے فوکل پرسن کو ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں سے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت کی ماہانہ بنیادوں پر رپورٹ مرتب کی جائے اور وفاقی حکومت کو بروقت آگاہ کیا جائے، تاکہ فیصلوں پر عملدرآمد کے عمل کو موثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

