کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین ”جناح پیپلز ٹرین“ کو عوام کے لیے جلد کھولنے کا اعلان کردیا گیا، منصوبے کے تحت کچلاک سے سریاب تک 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا کام صرف 120 روز میں مکمل کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جناح پیپلز ٹرین منصوبے کی تکمیل پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین سروس کوئٹہ اور گردونواح کے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین سے طلبہ، ملازمین، کاروباری افراد اور عام شہریوں کو روزمرہ سفر میں سہولت ملے گی، جبکہ جدید سفری سہولیات کے ذریعے شہریوں کے وقت اور سفری اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین عوام کو جدید اور باوقار سفری سہولت کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے، جس سے کوئٹہ اور گردونواح کے عوام کو سفری سہولیات میں نمایاں بہتری حاصل ہوگی۔حکام کے مطابق جناح پیپلز ٹرین منصوبے پر 3 ارب روپے لاگت آئی ہے جبکہ کچلاک سے سریاب تک روٹ میں 7 اسٹیشن شامل ہیں۔ روٹ کے اسٹیشنوں میں کچلاک، بلیلی، شیخ ماندا، جی او آر، کوئٹہ، لور کاریز اور سریاب شامل ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی سہولیات کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

