دالبندین(این این آئی)تحریک آواز چاغی کے جاری کردہ بیان میں حکومت بلوچستان، ایم پی اے چاغی اور متعلقہ بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دالبندین شہر اور اس سے ملحقہ کلیوں کے گرد واقع ندی نالوں کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر فوری طور پر حفاظتی بندات کا ازسرِ نو سروے کیا جائے۔ترجمان نے کہا کہ ماضی میں بارشوں کے دوران دالبندین اور گردونواح کے ندی نالوں کا پانی اکثر قریبی آبادیوں میں داخل ہو جاتا ہے، جس سے انسانی جانوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دالبندین کے بیشتر کلیوں میں رہائشی افراد کچے مکانوں میں رہائش پذیر ہیں، جو کہ بارش اور سیلابی ریلوں کے دوران زیادہ خطرے سے دوچار ہوتے ہیں۔تحریک نے مطالبہ کیا کہ تمام کلیوں کے اطراف میں حفاظتی بندات کی تعمیر کے لیے بلڈوزر کے ذریعے مٹی کے بند بنائے جائیں اور ان کی مضبوطی کے لیے بڑے بڑے پتھروں کا استعمال کیا جائے تاکہ یہ بندات زیادہ پائیدار اور مؤثر ثابت ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کا نیا سلسلہ کسی بھی وقت شروع ہو سکتا ہے، اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ندی نالوں کا پانی کئی کلیوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے، جس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔تحریک آواز چاغی نے مطالبہ کیا کہ دالبندین شہر اور گردونواح کے کلیوں میں حفاظتی بندات کی تعمیر و مرمت کے لیے اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ آئندہ کسی بھی ممکنہ تباہی سے مؤثر طور پر بچا جا سکے۔

